پاکستان کا روشن مستقبل جمہوری عمل کے تسلسل اور اداروں کے استحکام سے جڑا ہے، ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، ماضی میں بار بار جمہوری عمل میں تعطل پیدا کیا گیا جس کا نتیجہ سیاسی عدم استحکام، معاشی بدحالی کی صورت میں ہمارے سامنے ہے، ہم سب کو مل کر جمہوری عمل کے فروغ اور معاشی ترقی کے لئیے کام کرنا ہوگا۔ ترقی کا کوئی بھی شعبہ ہو آج عالمی مسابقت میں پاکستان بہت پیچھے ہے، ہمیں محنت، جدت، معیار اور علم پر مبنی معیشت کو فروغ دے کر ترقی کی راہ اپنانا ہوگی۔ جدید دنیا کا یہی تصور جمہوریت ہے کہ ترقی کے عمل میں کوئی بھی پیچھے نہ رہنے پائے۔ ملکی ترقی کے عمل میں شفافیت اپنا کر معاشرے کے تمام طبقوں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ساتھ لے کر چلنا ہی جمہوریت کی حقیقی روح ہے۔ ہم نے اقتدار میں آتے ہی پارلیمان کے اندر اور باہر پاکستان کے لئیے درد رکھنے والے پڑھے لکھے افراد کے ساتھ مشاورت کے عمل کا آغاز کیا، 2022 میں ایک ہزار سے زائد اندروں اور بیرون ملک مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے ساتھ مشاورت کے نتیجے میں 5 ایز فریم ورک تشکیل دیا۔ اج ایز 5 ایز فریم ورک کی عملی تنفیذ کے لئیے ہم 13ویں پانچ سالہ منصوبے کو حتمی شکل دینے کے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، اس مقصد کے لئیے ہم نے نجی، کاروباری اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین پر پالیسی بورڈ تشکیل دیا ہے تاکہ ترقی کے حوالے سے کوئی پہلو تشنہ نہ رہنے پائے۔ ہمارا پختہ عزم ہے کہ پاکستان کو 2035 تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنائیں گے۔ ہمیں اس عمل کی تکمیل کے لئیے جمہوری استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، ہمیں اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے تمام عناصر کی ہر چال ناکام بنانا ہوگی، ہمیں جمہوری عمل کو ترقی کے ساتھ مربوط کرنا ہوگا، یہی ہماری بقا اور کامیابی کا راستہ ہے۔
Statement