Public Awareness Campaign ON Corruption: "United Against Corruption for a Prosperous Pakistan....."
Official Press Release

چینی وفد کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات، سی پیک منصوبوں اور کراچی میں چینی اہلکاروں پر حال ہی ہونے والے حملے اور اس کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال

October 10, 2024
چینی وفد کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات، سی پیک منصوبوں اور کراچی میں چینی اہلکاروں پر حال ہی ہونے والے حملے اور اس کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے بدھ کے روز چائنا پاور ریسورسز کے چیئرمین جناب ژونگ ہائشیانگ اور پورٹ قاسم پراجیکٹ کے چیئرمین جناب ہی شیویو کی قیادت میں ایک چینی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو روز قبل کراچی میں چینی اہلکاروں پر ہونے والے حملے اور چینی کارکنوں کی حفاظت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چینی وفد نے کراچی میں حالیہ واقعے میں دو چینی کارکنوں کی المناک ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چینی کارکنوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے چینی اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت اور حکومت پاکستان کی جانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

احسن اقبال نے وفد کو آگاہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کر رہے ہیں اور ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ چینی کارکنوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، جوائنٹ چیف اکنامسٹ ظفرالحسن اور وزارت منصوبہ بندی کے سی پیک منصوبے کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ دونوں فریقین نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی کامیاب تکمیل اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔