اسلام آباد، 29 اکتوبر 2024: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت چینی سے آئے ماہرین کی جائزہ ٹیم کی سفارشات کے جائزے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دیے گئے فوکل گروپوں کے تیسرے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ، سیکریٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی، اور مواصلات، سرمایہ کاری، پیٹرولیم و قدرتی وسائل، قومی غذائی تحفظ، پاور، تجارت، اقتصادی امور، داخلہ، اور ریلوے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے فوکل گروپوں کے تیار کردہ مسودے کا جائزہ لیا اور ان پر عمل درآمد کے لیے وقت بندی کے ساتھ ایکشن پلان کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پاکستان نے کہاں کہاں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
زراعت کے شعبے کے جائزے کے دوران وزارت غذائی تحفظ نے بتایا کہ پاکستان کے پاس زراعت کے لیے کوئی طویل المدتی، جامع اور خود مختار ترقیاتی منصوبہ موجود نہیں ہے۔ احسن اقبال نے وزارت کو ہدایت دی کہ وہ تمام صوبوں، نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کریں اور ایک ٹاسک فورس تشکیل دیں جو “گرین ریولیوشن 2.0” کے نام سے ایک قومی زرعی ترقیاتی منصوبہ مرتب کرے، جسے چینی ماہرین کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ سی پیک کا پانچ سالہ منصوبہ جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
اجلاس میں گوادر کی کنیکٹوٹی پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ ایم-8 گوادر-ہوشاب (200 کلومیٹر) اور خضدار-رتو ڈیرو (250 کلومیٹر) سیکشن مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ہوشاب-آواران-نال سیکشن پر کام جاری ہے۔ وزیر نے زور دیا کہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے بننے والے اس ڈھانچے کے ذریعے پس ماندہ علاقوں میں معاشی فوائد کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں۔ انہوں نے گوادر پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور ایسٹ بے ایکسپریس وے کے دوسرے مرحلے کی فزیبلٹی اسٹڈی کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سی پیک کے میگا پراجیکٹ ایم ایل-1 کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے چینی فریق کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ایم ایل-1 ریلوے منصوبے کو تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کو اپنی تنظیمی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا، اور اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ریلوے ڈیپارٹمنٹس اپنی قیمتی اراضی کا تجارتی استعمال کر کے آمدن حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے مالیت کی ریلوے زمین غیر استعمال شدہ ہے اور اس کے تجارتی فوائد کو بہتر بنانے کے لیے دس دن میں ایکشن پلان تیار کیا جائے۔
وزیر نے یہ بھی تجویز دی کہ پنشن یافتہ افسران کی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے انہیں اضافی الاؤنس دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کا ایک بڑا حصہ پنشن میں جاتا ہے، لہٰذا ان تجربہ کار افراد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے، خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی اہمیت کو اجاگر کیا اور چین کے ساتھ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں طالب علموں کے تبادلوں کو فروغ دینے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں گوادر میں صاف پانی اور بجلی کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔