Public Awareness Campaign ON Corruption: "United Against Corruption for a Prosperous Pakistan....."
Official Press Release

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت جڑواں شہروں میں اسموگ اور فضائی آلودگی پر اجلاس

November 12, 2024
            وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت جڑواں شہروں میں اسموگ اور فضائی آلودگی پر اجلاس
اسلام آباد، 12 نومبر 2024 - وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں عالمی بینک، پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ، وزارت ماحولیات کے ڈی جی، آئی ایف اے ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر، ممبر پلاننگ ماحولیات، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی، سول سوسائٹی، این ڈی ایم اے اور تمام صوبوں کے پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے نمائندوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران، احسن اقبال نے اسموگ کے اسباب اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے، جسے اب ایک ایمرجنسی کے طور پر لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے رویوں کو نہ بدلا تو اسموگ اور فضائی آلودگی کے سبب صحت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، جس سے نہ صرف عوام کی صحت متاثر ہوگی بلکہ ملک کی جی ڈی پی کی شرح میں بھی کمی کا خدشہ ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کے فائیو-ای پلان میں ماحولیات کو خاص اہمیت دی گئی ہے، جس کے تحت مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے پاس علم کی کمی نہیں، بلکہ اصل مسئلہ عمل درآمد کے فقدان کا ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ کے بنیادی اسباب میں سرحدی آلودگی، گاڑیوں کا دھواں، فصلوں کا جلانا اور شہری ترقی شامل ہیں۔ اسموگ نے صحت اور زندگی کے معمولات پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جس کے باعث عوامی آگاہی کی مہم کی ضرورت ہے تاکہ ہر شہری اپنے ماحول اور طرز عمل پر توجہ دے۔

اجلاس کے دوران وفاقی و صوبائی اداروں، اکیڈمیا اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایک مربوط ایکشن پلان کی تشکیل کی اشد ضرورت ہے جس میں عمل داری کو یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جیسے صاف و شفاف علاقے بھی اب فضائی آلودگی کا شکار ہو رہے ہیں ، اگر ماحولیاتی آلودگی پر قابو نہ پایا تو اسکے سنگین نتائج بھگتنے ہونگ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

احسن اقبال نے تمام اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے مل کر کام کریں اور عوامی سطح پر ماحولیات کی حفاظت کے پیغام کو فروغ دیں تاکہ ایک صحت مند اور صاف مستقبل کی تعمیر کی جا سکے۔