Public Awareness Campaign ON Corruption: "United Against Corruption for a Prosperous Pakistan....."
Official Press Release

وفاقی وزیر احسن اقبال کا ماڈل اسسمنٹ فریم ورک کی لانچنگ تقریب سے خطاب

November 19, 2024
وفاقی وزیر احسن اقبال کا ماڈل اسسمنٹ فریم ورک کی لانچنگ تقریب سے خطاب
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نظام تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ماڈل اسسمنٹ فریم ورک کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہماری نسل نے تختی سے ٹیکنالوجی تک کا سفر طے کیا ہے، اور آئندہ نسلیں اس سے بھی زیادہ تبدیلی دیکھیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو عالمی معیشت میں مقام دلانے کو حکومت کا اہم ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وژن 2025 کے تحت وزارت تعلیم کو نصاب اور امتحانی نظام کی اصلاح کے متعدد منصوبے دیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کے بغیر معیاری تعلیم کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، اور اس سلسلے میں جلد ہی اسلام آباد میں عالمی معیار کا ٹیچر ٹریننگ ادارہ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں اصلاحات کے بغیر تعلیمی معیار کو بہتر نہیں بنایا جا سکتا اور قومی نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر کام جاری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں تعلیمی ماہرین کو بلا کر قومی نصاب کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی کے مطابق نصاب تعلیم تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان ایجوکیشن ڈسٹرکٹ انڈکس رپورٹ کو ہمارے تعلیمی نظام کی ناکامی کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی نہ لگائی تو دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیمی اور سماجی شعبوں کی کارکردگی میں مزید ابتری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کارکردگی میں خرابی کی بڑی وجہ صوبوں میں اختیارات کی مرکزیت ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 134 اضلاع میں سے ایک بھی ضلع اعلیٰ تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتا۔انہوں نے زور دیا کہ تعلیم اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے اختیارات کو اضلاع کی سطح پر منتقل کرنے اور صوبوں کو اصلاحات کے تجربات شیئر کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نقل کے رجحان کو تعلیمی معیار کی تباہی کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کیمبرج یونیورسٹی دنیا بھر میں شفافیت کے ساتھ امتحانات لے سکتی ہے تو ہم کیوں نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ فائیو ایز فریم ورک میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو ایک اہم جزو کے طور پر شامل کیا گیا ہے، اور بچوں میں خود تشخیصی کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیمی بورڈز پر زور دیا کہ وہ خود احتسابی کے ذریعے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔