Public Awareness Campaign ON Corruption: "United Against Corruption for a Prosperous Pakistan....."
Official Press Release

وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرِ صدارت سیرت سنٹر لاہور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس

December 10, 2024
وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرِ صدارت سیرت سنٹر لاہور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس
سلام آباد (پریس ریلیز 10 دسمبر 2024): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال کی زیرِ صدارت سیرت سنٹر لاہور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پلاننگ کمیشن نے جولائی 2022 میں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 1387.647 ملین روپے لاگت کے منصوبے "سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز کے قیام" کی منظوری دی۔ اس منصوبے کے تین اہم مقاصد میں سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں میں نو سیرت چیئرز کا قیام، خواتین کے لیے مرکز برائے صنفی مطالعات و حقوق کی تعمیر اور انڈومنٹ فنڈ کی تشکیل شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا مقصد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ سے اخذ کردہ نو موضوعات پر تحقیق کو فروغ دینا ہے، جن میں عقیدہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قیادت و حکمرانی، انسانی حقوق و سماجی انصاف، تجارت و کاروبار، تعلیم و علم، پائیدار ترقی، سماجی بہبود، صنفی مطالعات و خواتین کے حقوق اور عالمی امن شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیرت سنٹر لاہور کو "سنٹر فار ایکسیلنس" کے طور پر قائم کرنے کا مقصد طالبات میں اسلامی تعلیمات سے آگاہی اور جدید دور کے تقاضوں کے درمیان ہم آہنگی کا شعور پیدا کرنا ہے۔ اس سنٹر کے ذریعے خواتین کو یہ اعتماد دیا جائے گا کہ ان کی ترقی میں اسلامی تعلیمات اور سیرت النبی کوئی رکاوٹ نہیں، بلکہ یہ انہیں ایک باوقار زندگی گزارنے کا راستہ فراہم کرتی ہیں۔

احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ طالبات کو ایک ایسا نصاب فراہم کیا جائے جس میں قرآن و حدیث، سیرت النبی، فلسفہ، تہذیب، معاشیات، سیاسیات اور مینجمنٹ جیسے مضامین شامل ہوں۔ اس نصاب کے ذریعے طالبات کو نظریاتی مضبوطی اور جدید دنیا کے ساتھ چلنے کی صلاحیت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے اجلاس میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو سال گزرنے کے باوجود منصوبہ تاحال فعال نہیں ہوسکا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لاہور سنٹر کے انتظامی ڈھانچے کو جلد از جلد فعال کیا جائے، باقاعدہ لائبریری قائم کی جائے جہاں دنیا بھر کی بہترین کتب دستیاب ہوں، اور ریسرچ کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹاف کی تعیناتی جلد مکمل کی جائے تاکہ سنٹر عملی طور پر کام شروع کر سکے اور طالبات کے لیے تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کا آغاز ہو۔
اجلاس کے اختتام پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ خواتین کے حقوق اور صنفی تعلیمات کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا