Public Awareness Campaign ON Corruption: "United Against Corruption for a Prosperous Pakistan....."
Official Press Release

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات جناب احسن اقبال کا پیغام

May 1, 2025
محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات جناب احسن اقبال کا  پیغام
محنت کشوں کا عالمی دن ہم سب کو یہ یاد دلاتا ہے کہ ایک مضبوط، خوددار اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہمارے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور ہنر مندوں کی شب و روز کی محنت اور خون پسینے سے جڑی ہے۔ آج کا دن ہمیں اس طبقے کے حقوق، وقار اور خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

حکومتِ پاکستان “اُڑان پاکستان” کے وژن کے تحت ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں محنت کشوں کو باعزت روزگار، مناسب اُجرت، محفوظ ماحول، اور صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل اور ایسی معیشت کا قیام چاہتے ہیں جہاں سب کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں، اور جہاں کوئی بھی فرد اپنے سماجی یا مالی پس منظر کی بنیاد پر پیچھے نہ رہ جائے۔

محنت کش طبقہ صرف فیکٹری، کھیت یا تعمیراتی جگہوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں ہر وہ فرد شامل ہے جو اپنے خاندان اور ملک کے لیے دن رات مشقت کرتا ہے۔ ہماری پالیسیوں کا مرکز و محور یہی طبقہ ہے—

مسلم لیگ ن کی حکوت یہ سمجتی ہے کہ جب تک محنت کش طبقے کو سماجی انصاف، تحفظ، عزت اور آگے بڑھے کے یکساں مواقع میسر نہ ہوں، اُس وقت تک ملک کی ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت معیشت کی بحالی، صنعتوں کے فروغ، ایکسپورٹس کے اضافے، اور نوجوانوں کو ہنر دینے کے پروگرامز کے ذریعے باعزت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کر رہی ہے۔

ہم پاکستان کو ایک ایسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں محنت کو عبادت سمجھا جائے اور محنت کرنے والے کو مکمل عزت، سہولت اور انصاف حاصل ہو۔

آئیے آج کے دن اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اپنے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کی قدر کریں گے، ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے، اور ایک ایسا معاشرہ تعمیر کریں گے جو سب کے لیے روشن، پُرامن اور خوشحال ہو