Public Awareness Campaign ON Corruption: "United Against Corruption for a Prosperous Pakistan....."
Official Press Release

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وزارت منصوبہ بندی میں میلاد مصطفی ﷺ کی پُر وقار محفل کا انعقاد

September 12, 2024
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وزارت منصوبہ بندی میں میلاد مصطفی ﷺ کی پُر وقار محفل کا انعقاد
وزارت منصوبہ بندی نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر ایک پُروقار محفل میلاد کا انعقاد کیا۔ اس بابرکت محفل میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ محفل میں وزارت کے اعلیٰ افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

محفل کا آغاز نبی کریم ﷺ کی شان میں درود و سلام بھیجنے سے ہوا، جبکہ وزارت منصوبہ بندی کے افسران اور اہلکاروں نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعت رسول مقبول ﷺ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔

اس موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنی خطاب میں عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ تمام جہانوں اور انسانوں کے لیے رحمت اللعالمین ہیں اور ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے معاشرے میں مثالی کردار ادا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنا اللہ تعالی، فرشتوں اور انسانوں کے درمیان ایک مشترکہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بطور امت، محض نام کے مسلمان رہ گئے ہیں اور ہماری بے عملی نے ہمیں علمی اور تحقیقی میدان میں پیچھے کر دیا ہے۔ آج مسلمانوں کی علمی پسماندگی کی وجہ سے ایک چھوٹا سا ملک اسرائیل دو ارب کی آبادی والے مسلم ممالک پر غالب ہو گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم زبانی طور پر نبی پاک ﷺ کی محبت کا اظہار تو کرتے ہیں، لیکن ان کی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہیے کہ نبی پاک ﷺ کی محبت کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں گے اور علم و تحقیق کے میدان میں دوبارہ سرخرو ہوں.

محفل کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ کیا گیا، جس میں ملکی سلامتی، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعائیں کی گئیں۔