وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں حکومتی اداروں اور شہریوں کے مابین شراکت داری ایک اہم جزو ہے،بہتر گورننس کے لئے بیوروکریٹس کی انفرادی صلاحیت کو اجتماعی صلاحیت میں ڈھالنا ہو گا۔بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان گورننس فورم 2023 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہری اور اہل فکر طبقہ ملک کی ترقی کے عمل میں اپنا حصہ ڈالیں،ملک کی ترقی میں حکومتی اداروں اور شہریوں کے مابین شراکت داری ایک اہم جزو ہے،ہمارے ملک میں بیوروکریسی کی انفرادی صلاحیت قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر گورننس کے لئے بیوروکریٹس کی انفرادی صلاحیت کو اجتماعی صلاحیت میں ڈھالنا ہوگا،انتظامی ڈھانچے کی ناکامی کی وجہ ہماری سیاسی تاریخ ہے،گورننس کسی قوم کی کامیابی ناکامی میں بنیادی فرق ڈالتی ہے،بہت سے ممالک کے پاس بہت دولت تھی لیکن یہ چیز انہیں ترقی یافتہ نہیں بناتی،ہمارے ہاں پڑھے لکھے باصلاحیت لوگوں کی کمی نہیں لیکن ہمارے ہاں سسٹم کی کارکردگی روز بروز زوال کا شکار ہے،کامیابی انفرادی شخص کی صلاحیت کو اجتماعی صلاحیت میں ڈالنا ہے،کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے کے لئے مقصد کا تعین ضروری ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے مزید کہا کہ 2018 کے سیاسی تجربہ نے ترقی کے عمل کو جامد کردیا جس سے ترقی کا سفر رک گیا،اگر ہمارا سفر 2018 کے بعد تسلسل سے جاری رہتا تو جس ترقی کا ہم نے وژن 2025 کے مطابق خواب دیکھا تھا شرمندہ تعبیر ہوجاتا،ہم نے اپنے وسائل سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،ہمیں انفرادی و گروہی مفادات کو بھلا کے ملک کی ترقی میں ذمہ دار کردار ادا کرنا ہوگا ،سیاسی استحکام اور پالیسیز کا تسلسل پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں،ہمیں مل کر ملک کی شناخت بننا ہوگا۔
Statement